’فلائٹ کروا رہے ہیں جلدی سے پکڑ‘: ناٹنگھم سے لاہور تک کا ناقابلِ یقین سفر کرنے والے سکندر رضا نے بازی قلندرز کے حق میں کیسے پلٹی
26 مئ 2025 ’اوہ خدا کے بندو۔۔۔ پیدل ہی بلا لیا ہے۔‘ لاہور قلندرز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سکندر رضا کی یہ ویڈیو اس وقت کی ہے جب وہ قذافی سٹیڈیم میں داخل ہو رہے ہیں جس کے بعد ٹیم کے مالکان اور ان کے دیگر ساتھ ان کا استقبال کرتے ہیں۔ لگ بھگ آدھا گھنٹہ پہلے تک بھی لاہور قلندرز کے کیمپ میں اس بارے میں غیریقینی تھی کہ آیا سکندر رضا یہ میچ کھیلیں گے بھی یا نہیں۔۔۔ ٹاس سے 10 منٹ قبل یعنی چھ بج کر 50 منٹ پر ان کی فلائٹ لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی، شام کے چھ بج کر 54 منٹ پر ان کی ایئرپورٹ سے نکلتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی جس میں انھیں فوری طور پر ایئر پورٹ سے لے جانے کے لیے اہلکار ان کے اردگرد موجود ہیں سنیچر کو سکندر رضا زمبابوے کی جرسی میں انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے سیریز کے واحد ٹیسٹ میچ کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم میچ انگلینڈ کے وقت کے مطابق ساڑھے پانچ بجے زمبابوے کی ہار پر ختم ہو گیا۔ ’ثمین بھائی کی مجھے کال آئی کہ فلائٹ کروا رہے ہیں جلدی سے پکڑ۔‘ یہ فلائٹ برمنگھم سے دبئی کے لیے رات ساڑھے نو بجے کی تھی۔ ’وہاں سے پھر میں ہوٹل آیا، سامان...